05/06/2026
ضلع کوہاٹ:
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کی ہدایت پر محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی اجلاس، امن و امان کے قیام کے عزم کا اعادہ
کوہاٹ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہباز الٰہی کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تھانہ استرزئی میں ایک اہم سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی سٹی افتخار خان، ایس ڈی پی او پیڈ کوارٹر عماد الدین اور ایس ایچ او تھانہ استرزئی عدنان خان سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بین المسالک ہم آہنگی، فرقہ وارانہ یگانگت اور محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اہل تشیع اور اہل سنت مکتبہ فکر کے معزز عمائدین، مشران اور مذہبی رہنماؤں کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تاکہ باہمی مشاورت کے ذریعے امن و امان کے قیام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
پولیس حکام نے شرکاء کو یقین دلایا کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ حساس علاقوں میں گشت بڑھانے، کمیونٹی اور پولیس کے درمیان بروقت معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانے اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس افسران نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنا مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کی فضا کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اجلاس میں شریک اہل تشیع اور اہل سنت کے عمائدین نے پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
پولیس حکام نے اس موقع پر واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی شرپسند عنصر کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
05/06/2026
ضلع کوہاٹ:
کوہاٹ پولیس کا گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، دہشت گردوں اور اشتہاری مجرموں کے خلاف بھرپور کارروائیاں
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الٰہی کی براہ راست نگرانی میں تھانہ لاچی کے دور افتادہ اور پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشنز کیے گئے۔
سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں ایس ایچ او لاچی مسعود خان،ڈی ایس بی پولیس،ایلیٹ فورس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور لیڈیز پولیس نے بھرپور اور مؤثر انداز میں حصہ لیا۔
دوران کارروائی حساس مقامات کی مکمل چیکنگ، گھروں اور مشتبہ ٹھکانوں کی تلاشی لی گئی تاکہ امن و امان کو درپیش کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔
کوہاٹ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
04/06/2026
ضلع اورکزئی:
محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد۔۔
اورکزئی: آج مورخہ 4 جون 2026 کو ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی کی زیر صدارت کلایہ ہیڈکوارٹر لوئر اورکزئی میں آمدہ محرم الحرام کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،
جس میں ضلعی افسران اور ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، مجالس و جلوسوں کی سیکیورٹی، لیڈی سرچرز کی تعیناتی، ریسکیو 1122 ایمبولینسز، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے راستوں کی صفائی، بجلی و پانی کی فراہمی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اورکزئی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کی جائیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی نے کہا کہ “محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ضلع بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس ہمہ وقت تیار رہے گی۔”
04/06/2026
ضلع اورکزئی:
آج مورخہ 04 جون 2026 کو ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی شوکت علی نے تھانہ کلایہ کے حدود میں واقع شیراز گڑھی چیک پوسٹ اور مندرہ خیل چیک پوسٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے چیک پوسٹوں میں جاری تعمیراتی کام کا بغور جائزہ لیا اور تعمیراتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شوکت علی نے کہا کہ پولیس چوکیوں کی مضبوطی اور بہتر سہولیات فراہم کرنا پولیس فورس کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس چوکیوں کی بہتری کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او اورکزئی نے ذمہ داران کو تاکید کی کہ جاری ترقیاتی و تعمیری کام کو بروقت اور معیاری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔
04/06/2026
ضلع کرک:
تفتیشی افسران کے ٹریننگ سیشن کاانعقاد۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس انوسٹی گیشن کے جاری احکامات کے تناظر میں ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ریجن کوہاٹ عرفان طارق کے ہدایات پر ایس انوسٹی گیشن دفتر میں جدید تفتیشی کٹس کے استعمال اور جدید انوسٹی گیشن تکنیکس کے حوالے سے ایک تربیتی سیشن منعقد ہوا، جس کی صدارت قائمقام ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک کمال حسین (ایس پی انوسٹی گیشن) نے کی۔ سیشن میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکوٹر کرک عطاء اللہ، انسپکٹر انوسٹی گیشن محمد رحیم، OII’sتھانہ جات و تفتیشی افسران اور متعلقہ انوسٹی گیشن سٹاف نے شرکت کی۔ تربیتی سیشن کا بنیادی مقصد تفتیشی افسران کو جدید انوسٹی گیشن کٹس سے متعارف کرانا، جائے وقوعہ کے تحفظ، شواہد کے سائنسی انداز میں حصول اور دستاویزی کارروائی کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ جبکہ سیشن کے دوران جدید انوسٹی گیشن کٹس اور فنگر پرنٹ کٹس کے عملی استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کرائم سین کی محفوظی، شواہد کی درست نشاندہی، فوٹوگرافی اور چین آف کسٹڈی کے اصولوں پر زور دیا گیا۔ تفتیشی افسران کو ہدایت کی گئی کہ تفتیش میرٹ اور شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بناتے ہوئے تفتیش مکمل کی جائے۔ تاکہ گنہگاروں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانا ممکن بنایا جا سکے۔ شرکاء کو عملی مشق کے ذریعے جدید تفتیشی طریقہ کار دکھایا گیا تاکہ وہ فیلڈ میں ان صلاحیتوں کا فوری استعمال کر سکیں۔
ایس پی انوسٹی گیشن کمال حسین نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ تفتیش کے دوران جدید آلات کا لازمی استعمال کریں اور جاری کردہ SOPs پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش ہی بروقت اور مؤثر انصاف کی ضمانت ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلع کرک میں تفتیشی نظام کو جدید خطوط پر استوار کر کے عوام کو میرٹ پر مبنی اور شفاف انصاف فراہم کیا جائے۔
04/06/2026
ضلع کرک:
تحت نصرتی میں پولیس مقابلہ، خطرناک اشتہاری ساتھی سمیت زخمی حالت میں گرفتار، دوران علاج دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ یعقوب خان شہید کی حدود میں پولیس پارٹی علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے سلسلے میں ڈیوٹی پر تھی کہ اس دوران قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمات میں مطلوب خطرناک مجرمانِ اشتہاریوں اور ان کے معاون سہولت کاروں اور ساتھیوں کا پولیس کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا۔ اشتہاری پارٹی اور ساتھیوں نے گرفتاری سے بچنے کی غرض سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس نے حقِ حفاظتِ خود اختیاری اور ملزمان گرفتاری کی غرض سے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مجرم اشتہاری یاسر جمال ولد سردار خان سکنہ تحت نصرتی اور ساتھی محمد فیاض ولد عزیز الرحمن سکنہ الوڑگی بانڈہ زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ دونوں ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں مجرم اشتہاری یاسر جمال دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا ملزم محمد فیاض زیرِ علاج ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک ہونے والا مجرم اشتہاری یاسر جمال سال 2025 سے قتل اور اقدامِ قتل کے سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ زخمی ملزم بھی پولیس کے ساتھ کئی مقدمات میں نامزد تھا۔ پولیس پر فائرنگ کرنے والے دیگر اشتہاریوں اور ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔