05/06/2026
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (سیپا) ضلع گھوٹکی نے او جی ڈی سی ایل قادرپور، فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی)، اینگرو فرٹیلائزرز اور ایک مقامی این جی او کے تعاون سے مختلف آگاہی پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب میں سیپا، صنعتی اداروں، مقامی کمیونٹی، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر آگاہی سیشن، واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جبکہ طلبہ نے ماحولیاتی موضوعات پر ٹیبلوز، پوسٹرز اور خاکے پیش کیے۔ مقررین نے ماحول کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور شرکاء نے صاف، سرسبز اور پائیدار مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
05/06/2026
خیرپور میرس میں بھی سندھ کے دوسرے شہروں کی طرح عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (سیپا) خیرپور میرس کی جانب سے پیپلز اسکول پروجیکٹ آف بیکن ہاؤس میں ماحولیاتی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی نگرانی ڈسٹرکٹ انچارج سیپا خیرپور میرس میر مرید علی ٹالپر اور پنھل کھوسو نے کی۔ پروگرام میں اسکول کی انتظامیہ، اساتذہ، عملے اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل زرینہ منگلو اور پروجیکٹ کوآرڈینیٹر و انچارج بیکن ہاؤس پروجیکٹس جہانگیر احمد کھوسو بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران اسکول کے احاطے میں ماحولیاتی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس سرگرمی کے ذریعے طلبہ میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینے اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس اجاگر کیا گیا۔
اس موقع پر شجرکاری مہم بھی چلائی گئی، جس میں طلبہ، اساتذہ اور سیپا حکام نے پودے لگا کر صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر مرید علی ٹالپر نے کہا کہ اسکولوں میں ماحولیاتی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور طلبہ مثبت ماحولیاتی تبدیلی کے مؤثر سفیر ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ماحول دوست شعور پیدا کرنا مستقبل کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
05/06/2026
ٹنڈوالہیار میں عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ایک پروقار سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار سیپا کے ضلعی انچارج ٹنڈوالہیار عبدالجبار جوکھیو کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں پروفیسر، لیکچرر، طلبہ، مختلف سیاسی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ سیپا کے افسران اور عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات منانے کا بنیادی مقصد عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا اور ماحول کے تحفظ کی اہمیت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول ہی آنے والی نسلوں کے روشن اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
تقریب سے ڈپٹی ڈائریکٹر شاہ خالد، عبدالجبار جوکھیو، آر ڈی ایف کی نمائندہ ڈاکٹر فوزیہ اور عبداللطیف آریسر نے خطاب کیا۔ مقررین نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے ماحولیاتی شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی واک میں حصہ لیا۔ واک کے دوران شرکاء نے ماحول کے تحفظ اور صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے والے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔
05/06/2026
سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی ( سیپا) کے ضلعی دفتر سجاول نے ماری انرجیز لمیٹڈ کے تعاون سے عالمی یومِ ماحولیات منایا۔ تقریب میں آگاہی سیشن، واک اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی شعور بیدار کرنا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا تھا۔
تقریب کی قیادت ضلعی انچارج سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی سجاول ریاض احمد سومرو نے کی، جبکہ ماری انرجیز لمیٹڈ کے ایچ ایس ای ایڈوائزر حبیب آفریدی نے تعاون کیا۔ اس موقع پر ماری انرجیز کی انتظامیہ، ملازمین اور سندھ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیپا اور ماری انرجیز لمیٹڈ نے ماحولیاتی پائیداری اور سرسبز مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عہد کیا ہے۔
05/06/2026
عالمی یومِ ماحولیات پر سیپا کے زیرِ اہتمام کراچی کی کمیونٹیز میں ماحولیاتی آگہی مہم
خواتین، طلبہ اور مقامی آبادی کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی تربیت
کراچی، 5 جون 2026:عالمی یومِ ماحولیات ۲۰۲۶ کے موقع پر ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ (سیپا) نے روایتی تقریبات سے ہٹ کر اس سال کراچی کے مختلف اور گنجان آباد علاقوں میں کمیونٹی سطح پر ماحولیاتی آگہی پروگراموں کا انعقاد کیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد موسمیاتی تبدیلی، شدید گرمی کی لہروں، آلودگی اور دیگر ماحولیاتی چیلنجز کے بارے میں عوامی شعور کو فروغ دینا اور لوگوں کو اپنے روزمرہ طرزِ زندگی میں ماحول دوست رویے اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔
اس سلسلے میں کورنگی کے ایریا، کالا بورڈ ملیر، گزدرآباد صدر اور شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ ان سرگرمیوں میں خواتین، نوجوانوں، طلبہ و طالبات اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی جبکہ متعدد مقامی سماجی تنظیموں نے بھی ان پروگراموں کے انعقاد میں تعاون کیا۔
شاہ فیصل کالونی نمبر ایک میں رعنا لیاقت علی کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ آگہی نشست میں ماحولیاتی ماہرین اور سماجی رہنماؤں نے موسمیاتی تبدیلی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ معروف کلائمیٹ ایکٹوسٹ عافیہ سلام نے ہیٹ ویو کے انسانی اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی کی لہریں صرف درجہ حرارت میں اضافے کا نام نہیں بلکہ یہ انسانی جانوں، صحت اور معاشرتی تحفظ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمزور اور پسماندہ طبقات، خصوصاً بزرگ افراد، بچے اور محنت کش طبقہ، گرمی کی شدت سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اس لیے مقامی سطح پر حفاظتی اقدامات اور بروقت آگہی ناگزیر ہے۔
سیپا کے ڈائریکٹر عوامی شعور مجتبیٰ بیگ نے ہیٹ ویو کے معاشی اثرات پر شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شدید گرمی نہ صرف انسانی صحت کو متاثر کرتی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں محنت کشوں کی پیداواری صلاحیت میں کمی، طبی اخراجات میں اضافہ اور مجموعی معاشی سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا، "موسمیاتی تبدیلی اب صرف ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ معیشت، صحت اور سماجی ترقی سے جڑا ہوا ایک جامع چیلنج بن چکی ہے۔ اگر ہم آج مؤثر اقدامات نہ کریں تو اس کی قیمت آنے والی نسلوں کو ادا کرنا پڑے گی۔"
انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی سطح پر یہ آگہی پروگرام ڈائریکٹر جنرل سیپا وقار پھلپوٹو اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و ساحلی ترقی دوست محمد راھموں کی خصوصی ہدایات پر منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کا پیغام معاشرے کے ہر طبقے اور ہر محلے تک پہنچایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلائمیٹ ریچ کے سربراہ احمد شبر نے اپنی تنظیم کی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ کمیونٹیز کو موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے قابل بنانا ان کی تنظیم کی بنیادی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا، "پائیدار تبدیلی اسی وقت ممکن ہے جب مقامی آبادی خود ماحولیاتی مسائل کو سمجھے اور ان کے حل میں عملی کردار ادا کرے۔ کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر موسمیاتی لچک پیدا نہیں کی جا سکتی۔"
کورنگی ایریا کے ایک نجی اسکول میں خواتین کے لیے خصوصی طور پر منعقد کیے گئے پروگرام میں سیپا کی ڈپٹی ڈائریکٹر فرزانہ نسیم نے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام میں عوامی ذمہ داریوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو سطح پر پانی اور توانائی کے محتاط استعمال، کچرے کی مناسب تلفی اور شجرکاری جیسے اقدامات ماحول کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہر شہری اگر اپنی ذمہ داری کو سمجھے تو ماحولیاتی مسائل کے حل کی جانب ایک مضبوط قدم اٹھایا جا سکتا ہے۔"
اس موقع پر مقامی سماجی تنظیم گرین مائنڈز کے روحِ رواں عبدالولی نے نچلی سطح پر ماحولیاتی آگہی کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی ماحولیاتی مہم دیرپا نتائج حاصل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور خواتین کو ماحولیاتی سرگرمیوں کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
درخشاں سوسائٹی کالا بورڈ ملیر میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سیپا کی ڈپٹی ڈائریکٹر سنیلا واسع نے موسمیاتی تبدیلی کے سائنسی پہلوؤں کو سادہ اور عام فہم انداز میں بیان کیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، غیر متوقع موسمی حالات اور شدید موسمی واقعات دراصل عالمی موسمیاتی تبدیلی کے نمایاں اثرات ہیں جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاطمہ جمال ویلفیئر ایسوسی ایشن کی صدر ہما جمال نے کہا کہ خواتین گھریلو اور سماجی سطح پر مثبت ماحولیاتی رویوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا، "اگر خواتین پانی کے تحفظ، صفائی ستھرائی اور ماحول دوست عادات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیں تو اس کے اثرات پورے خاندان اور معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔"
دوسری جانب گزدرآباد صدر میں مقامی تنظیم سلاوٹ گرین کے اشتراک سے "فیوچر گرین لیڈرز" کے عنوان سے ایک خصوصی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے پلاسٹک کی آلودگی، جنگلات کے کٹاؤ، پانی کی قلت اور دیگر ماحولیاتی مسائل پر مبنی تخلیقی منصوبے، فن پارے اور خاکے پیش کیے۔ سرگرمی کا مقصد نوجوان نسل میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دینا اور انہیں مستقبل کی ماحولیاتی قیادت کے لیے تیار کرنا تھا۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سیپا کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اظہر خان نے کہا کہ نوجوان نسل ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد میں سب سے مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، "آج کے طلبہ کل کے فیصلہ ساز ہیں۔ اگر ہم انہیں ماحول دوست سوچ اور عملی مہارتوں سے آراستہ کریں تو وہ ایک زیادہ محفوظ اور پائیدار مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔"
مسلم مارواڑی سلاوٹ جماعت کے جنرل سیکریٹری دانش التمش نے کہا کہ کمیونٹی اداروں اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون ہی پائیدار ترقی اور مؤثر ماحولیاتی اقدامات کی ضمانت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقامی سطح پر ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔
تقریب میں کمیونٹی اسکولز کے چیئرمین نعمان جہانگیر سمیت اساتذہ، طلبہ، سماجی کارکنان اور مقامی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر منعقد کی جانے والی ان سرگرمیوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی تحفظ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صرف پالیسی سازی ہی نہیں بلکہ عوامی سطح پر شعور، شمولیت اور اجتماعی عمل بھی ناگزیر ہے۔ سیپا اور اس کے شراکت دار اداروں کی جانب سے شروع کی گئی یہ کمیونٹی مہم اسی مقصد کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
05/06/2026
عالمی یومِ ماحولیات پر شجرکاری مہم، سیپا میر پورخاص نےگرین بیلٹ میں 50 پودے لگائے گئے
میرپورخاص : عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر محکمہ ماحولیات میرپورخاص کی جانب سے چاندنی چوک سے جرواری چوک تک گرین بیلٹ کے سلسلے میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے 50 پودے لگائے گئے جس میں سیپا افسران سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی. اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی محمد رند نے کہا کہ دنیا میں ہر سال 5 جون کو عالمی ماحولیات کا دن منایا جاتا ہے جس کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت و افادیت کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کا تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فردکا قومی و اخلاقی فرض ہے آئیں آج کے دن ہم سب مل کر عہد کریں کہ اپنے شہروں دیہاتوں دریاؤں زمین اور فضا کو ہر قسم کی آلودگی سے پاک کرنے کے اپنا کردار ادا کریں گے آلودگی سے بچاؤ ہی ہمارا اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی ضمانت ہے لہذا ہمیں ہر قسم آلودگی سے بچاؤ کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس ضمن میں ہر انسان اپنے اپنے حصے حصے کا پودا ضرور لگائیں اور اس کی دیکھ بھال بھی ضرور کرے ۔
05/06/2026
شهيد بينظيرآبادحبيب شوگر ملز ۾ آگاهي تقريب ۽ وڻڪاري مهم
شهيد بينظيرآباد: عالمي ماحوليات جي ڏينهن جي موقعي تي سنڌ انوائرنمينٽل پروٽيڪشن ايجنسي (سيپا) پاران حبيب شوگر ملز نواب شاهه ۾ آگاهي تقريب جو انعقاد ڪيو ويو. تقريب دوران ماحولياتي آگاهي واڪ ۽ وڻڪاري مهم پڻ هلائي وئي. ريجنل انچارج انوائرنمينٽل پروٽيڪشن ايجنسي شهيد بينظيرآباد ڊاڪٽر گل امير سنبل ماحول جي تحفظ ۽ صنعتن کي ماحولياتي قدمن ۾ فعال ڪردار ادا ڪرڻ جي ضرورت تي زور ڏنو۔
05/06/2026
عالمي ماحولياتي ڏينهن تي سيپا جي لاڙڪاڻي ۾ آگاهي واڪ
لاڙڪاڻو: سنڌ انوائرنمينٽل پروٽيڪشن ايجنسي (سيپا) ريجنل آفيس لاڙڪاڻي جي اهتمام هيٺ عالمي ماحولياتي ڏينهن ملهايو ويو. ان سلسلي ۾ جناح باغ کان لاڙڪاڻو پريس ڪلب تائين آگاهي واڪ جو اهتمام ڪيو ويو، جنهن جي اڳواڻي سيپا جي ڊپٽي ڊائريڪٽر ممتاز علي شاهه ڪئي.
تقريب دوران وڻڪاري مهم پڻ هلائي وئي. ان موقعي تي ممتاز علي شاهه چيو ته ماحول جي تحفظ، آلودگي ۾ گهٽتائي ۽ وڻڪاري جي واڌاري سان موسمياتي تبديلين جي چئلينجن کي منهن ڏئي سگهجي ٿو.
تقريب جي پڄاڻي تي سيپا عملدارن ميڊيا کي ٻڌايو ته عوامي آگاهي مهمن ۽ وڻڪاري پروگرامن ذريعي سيپا عوام ۾ ماحولياتي شعور کي وڌيڪ هٿي وٺرائڻ لاءِ ڪوشان آهي۔
05/06/2026
🌿 On this World Environment Day, let's pledge to protect our environment and continue making efforts for a greener and sustainable future. Together, we can make a difference. 🌍💚