03/06/2026
منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا، میاں عبدالقادر شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں KfW کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ وفد کی قیادت ٹیم لیڈر اولیور نے کی جبکہ ڈپٹی ٹیم لیڈر حیدر علی اور اسد فاروق بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں KfW کی گرانٹ معاونت سے شمسی توانائی (Solar Energy) اور مائیکرو ہائیڈرو پاور (MHP) کے شعبوں میں دو قابلِ تجدید توانائی (Renewable Energy) ہبز کے قیام کے منصوبے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مختلف تکنیکی و انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا میاں عبدالقادر شاہ نے KfW کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان توانائی ہبز کے قیام سے نوجوانوں کو معیاری فنی تربیت کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے نہ صرف ان کے روزگار کے امکانات میں اضافہ ہوگا بلکہ لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی بھی ممکن ہوگی۔
اجلاس کے شرکاء نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
03/06/2026
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے فنی تعلیم، محمد عثمان نے آج کے پی ٹیوٹا ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا، میاں عبدالقادر شاہ نے ان کا استقبال کیا اور ادارے میں خوش آمدید کہا۔
دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ٹیوٹا نے معاونِ خصوصی کو ادارے کی مجموعی کارکردگی، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات، مختلف تربیتی پروگراموں، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر کے پی ٹیوٹا کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
معاونِ خصوصی محمد عثمان نے فنی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے کے پی ٹیوٹا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر میاں عبدالقادر شاہ نے معاونِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کے پی ٹیوٹا صوبے میں معیاری فنی تعلیم اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گا۔
01/06/2026
منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی میاں عبدالقادر شاہ نے گورنمنٹ جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ سینٹر، گورنمنٹ ایڈوانس ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ووکیشنل سینٹر حیات آباد پشاور کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے مختلف لیبارٹریوں اور ورکشاپس کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات، آلات اور جاری تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اداروں کے انتظامی امور اور تربیتی معیار کے حوالے سے بھی معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر نے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ سے مختلف ٹریڈز میں دی جانے والی تربیت، عملی مہارتوں کے حصول اور روزگار کے مواقع کے بارے میں دریافت کیا۔ طلبہ نے اپنے تعلیمی اور تربیتی تجربات سے آگاہ کرتے ہوئے اداروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تربیت کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنے اور جدید تقاضوں کے مطابق فنی مہارتیں حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اداروں کے عملے اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کے پی ٹیوٹا صوبے میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا
20/05/2026
منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیوٹا میاں عبدالقادر شاہ نے اپنے دفتر میں انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈویلپمنٹ (IFAD) کے وفد سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر RETP امجد معراج، فنانس اسپیشلسٹ IFAD ارسلان حمید، فدا محمد (IFAD)، ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیوٹا منیر گل، ڈائریکٹر اکیڈمکس عابد عالم، منیجر ایمپلائمنٹ RETP حمید انور سمیت ٹیوٹا کے دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گرانٹس، انٹرن شپ پروگرامز اور سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جاری منصوبوں کی پیش رفت، نوجوانوں کو جدید فنی تربیت کی فراہمی اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
منیجنگ ڈائریکٹر میاں عبدالقادر شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا خیبر پختونخوا ٹیوٹا کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ IFAD کے تعاون سے نوجوانوں کے لیے روزگار، انٹرن شپ، گرانٹس اور خود روزگاری کے مواقع میں مزید اضافہ ممکن ہوگا، جبکہ سینٹرز آف ایکسیلنس کے قیام سے فنی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گا۔
06/05/2026
نئے تعینات ہونے والے منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیوٹا، میاں عبدالقادر شاہ نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر فنانس نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
29/04/2026
منیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی، خضر حیات نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹیچرز ٹریننگ کالج حیات آباد پشاور کا دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر انہوں نے کالج کے پرنسپل سے ملاقات کی اور ادارے کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے مختلف لیبارٹریز اور ورکشاپس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا۔
خضر حیات نے کالج میں جاری مختلف تربیتی سرگرمیوں کا بغور مشاہدہ کیا اور طلباء کو دی جانے والی فنی تعلیم اور عملی تربیت کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ میں بہتر روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔
اس موقع پر انہوں نے ادارے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تربیتی پروگرامز کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور طلباء کو جدید ہنر سکھانے پر خصوصی توجہ دیں۔
دورے کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر نے ادارے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں مزید بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔